صفحات

Monday, February 29, 2016

بھٹکے ہوئے کیوں؟

بھٹکے ہوئے کیوں؟
محمد نور آسی

چند دن پہلے کی بات ہے۔ ایک محترمہ مجھ سے ملنے آئیں ۔ ایک اچھےتعلیمی ادارے کی سربراہ ہیں اور کافی معروف شخصیت ہیں ۔ اب اتفاق کی بات کہ میرے پاس کچھ اورلوگ موجود تھے اور میں نے ان کے لئےکھانا منگوایا ہوا تھا۔ وہ محترمہ کہنے لگیں کہ وہ جلدی میں ہیں ۔ انہیں دو تین اہم باتیں کرنی ہیں ۔ میں نے اخلاقا انہیں بات کرنے کا موقع دیا ۔ اور ساتھ ہی کھانے کی بھی دعوت دی ۔ جو انہوں نے قبول نہیں کی اور کہنے لگیں کہ وہ بس دومنٹ اپنی بات کہ کر رخصت ہوتی ہیں ۔ میں نے مہمانوں سے معذرت کی کہ ذرا انتظار کریں میں ان کی بات سن لوں پھر کھانا کھاتے ہیں ۔ اب یہ تما م صورت حال ان محترمہ کے سامنے تھی  ۔ کہنے لگیں مجھے احسا س ہے کہ اپ کا کھانا لگا ہوا ہے۔ میں زیادہ ٹائم نہیں لیتی بس مختصر سی بات کرنی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کم وبیش آدھا گھنٹہ گفتگو کی ۔ پھر بھی ان کی تسلی نہ ہوئی کہنے لگیں مجھ جلدی نہ ہوتی تو بات مکمل کرتی ۔ خیر پھر سہی۔ میرےمہمان یہ سب کچھ دیکھ اور سن رہے تھے۔ ان کے جانے کے بعد ایک صاحب نے کہا کہ ان کی گفتگو سوانے اپنی تعریف اور کچھ معاملات پر اپنی خواہشات کے مطابق پیش رفت کی فرمائش کے علاوہ کچھ بھی نہ تھی۔ کیا یہ ایک تعلیمی ادارے کے سربراہ ہونے کی اہل ہیں ؟
میں خاموش رہا ۔ لیکن میرے ذہن میں کچھ سوال ضرور تھے۔
یہ سوالا ت کئی دن سے میرے ذہن میں گردش کر رہے تھے۔
آج اس واقعے کو ابتدا بنا کرمیں کچھ باتیں آپ کے سامنے رکھتا ہوں ۔
میرے نقطہ نظر سے سب سے اہم شعبہ جو ہمارے ملک میں سب سے زیادہ تباہ کن حالات کا شکار ہے وہ تعلیم کا شعبہ ہے۔ ہمارے ملک میں  ایک استاد ، ایک مدرس اور روحانی باپ کی تباہی کی بنیاد لارڈ میکالے نے رکھی اور ہمارے معاشرے نے اسے حسب توفیق پروان چڑھایا ۔
تعلیمی نظام میں سب سے مشکل کا م ایک بچے کی ابتدائی تعلیم و تربیت کر نا ہے۔ ایک پرائمری ٹیچر اہم ترین کردار کا حامل ہوتا ہے۔ میرے ذاتی خیال میں ایک پرائمری آستاد کے انتخاب کا طریقہ کار ایسا وضع کرنا چاہیے کہ صرف وہ لوگ پرائمری استاد منتخب ہوں جو کم ازکم مندرجہ ذیل خوبیوں کے مالک ہوں
 اس کے کردار میں مضبوطی ہو۔ وہ اخلاقیات ، اقدار کے حوالے سے نہ صرف بہترین علم رکھتے ہوں بلکہ خود اس کا عملی نمونہ ہوں ۔ وہ بچے کی ذہنی ، نفسیاتی سطح کو سمجھتے ہوں ، بچے کے اندر مثبت سوچ پیدا کرنے، اسے خود اعتمادی سے بات کرنے ، اپنی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، اپنے جذبات کو بیان کرنے اور مختلف اشیاء ، واقعات کو اپنی ذہنی سطح کے مطابق تجزیہ کرنے کی صلاحیت سکھانے کے اہل ہوں ۔
انہیں کسی بھی سکول میں معلم  بنانے سے پہلے ایک سخت تربیتی پروگرام سے گذارا جائے ۔ پرائمری استاد کی تنخواہ سب سے زیادہ ہو ۔ کم ازکم 22 گریڈ کے افسر کے برابر ہو ۔
اسکی کارگردگی کو جانچنے کا معیار انتہائی سخت ہو ۔
پرائمری سطح کے استاد کو معاشرے کا ایک معزز رکن کا درجہ حاصل ہو۔
یہ اس لئے ضروری ہے کہ ہم جب ایک بچے کو بہتر ابتدا نہیں دیتے تو پھر اس سے معاشرہ کا ایک بہتر فرد ہونے کی توقع نہیں رکھ سکتے ۔
جس بچے کی ابتدائی تعلیم اچھے اساتذہ کے زیرنگرانی ہوگی وہ یقینا بڑے ہوکر ایک بہتر شہری ثابت ہو گا۔
ہمارا المیہ یہی ہے کہ ہمارے ہاں استاد کی اہلیت کا کوئی معیار نہیں ۔ جو کچھ نہیں کر سکتا کسی سکول میں استاد بن کر ہماری آنے والی نسل کو تباہ کرتا ہے۔
مجھے ایک صاحب بات بتا رہے تھے کہ وہ جاپان میں ایک کورس کرنے گئے ۔ وہاں ان کی ایک جاپانی خاندان سے ملاقات ہوئی اور ان کے گھر دوچار دفعہ آنا ہوا ۔ ایک دن وہ جاپانی کے گھر اس سے ملنے کے لئے گئے تو ان کا چھوٹا بیٹا باہر آیا ۔ انہوں نے پوچھا کہ ابو کدھر ہیں تو بچے نے کہا کہ وہ مارکیٹ گئے ہیں ۔ پاکستانی نے بچے سے کہا سچ کہ رہے ہونا۔ کہیں وہ گھرپر ہی ہوں اور تم جھوٹ بولنے کا کہ دیا ہو۔ ( وہ دراصل بچے کے ساتھ مذاق کرنا چاہ رہے تھے) بچہ چپ ہو گیا ۔ کچھ جواب نہ دیا ۔ اچانک دروازے کے پیچھے سے اس کی ماں آگئی اور اس نے کہا کہ آپ نے میرے اور میرے بچے کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ میرے بچے کو پتہ ہی نہیں کہ جھوٹ کیا ہو تا ہے؟ اب وہ مجھ سے جھوٹ کا مطلب پوچھے گا؟
خیر یہ تو ایک بات ہے جوممکن ہے  زیب داستان  ہو۔ لیکن یہ حقیقت بہرحال اپنی جگہ پر ہے کہ جاپان میں بچے کی ابتدائی تعلیم کا معیار بہت اعلی ہے ۔ وہاں بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی پڑھائی کے علاوہ کچھ ایسی تربیت دی جاتی ہے جو ان کے لئے ساری زندگی  مشعل راہ ہوتی ہے۔
بات ایک پرنسپل صاحبہ سے شروع ہوئی اور کہاں چلی گئی۔ دراصل ہم سب کے رویے ہماری تربیت اور ہماری تعلیم کی عکاسی کرتے ہیں ۔ کچھ عرصہ پہلے کے لوگ بچے کی گفتگو ، نشستن و برخواستن سے اندازہ لگاتے تھے کہ بچہ کسی اچھے خاندان کا ہے۔ اچھا خون ہے۔
عادتیں نسلوں کا پتہ دیتی ہیں
 اب خاندان کی روایات دم توڑ چکی ہیں ۔ اور رہی اساتذہ کی تو ہمارے اساتذہ بچے کو پڑھا نہیں رہے بلکہ انہیں ایک جنس سمجھتے ہیں جو ان کی کمائی کا ذریعہ ہے۔
ہمارے سامنے اصحاب صفہ سے لے کر جامعہ الاظہر تک کی مثالیں موجود ہیں ۔
میں سوچتا ہوں قوموں کو صدیاں گذر جاتی ہیں کوئی راستہ نہیں ملتا
ہمارے پاس راستہ بھی ہے۔ ہمارے پاس قرآن اور حدیث کی صورت میں ہر مسئلے کا حل  بھی موجودہے ۔
ہم کیوں بھٹکے ہوئے ہیں؟ 

Tuesday, December 29, 2015

دنیا کا سب سے بہتریں جوڑا

دنیا کا سب سے بہتریں جوڑا


آپ عنوان دیکھ کر چونکے ہوں گے
شاید کہ کسی میاں بیوی کے جوڑے کی بات ہوگی

لیکن میں تو ایک اور ہی جوڑے کی بات کررہا ہوں

جی ہاں ۔۔ 
آنسو اور مسکراہٹ دنیا کا بہترین جوڑا ہے
مگر آنسو کے ساتھ مسکراہٹ کا تصور کچھ عجیب سا ہے
بہت منفرد سا ہے

عام زندگی میں تو آنسو جب آتے ہیں تو مسکراہٹ کو غائب کردیتے ہیں 
اورمسکراہٹ چھلکتے آنسووں کو روک دیتی ہے

لیکن آپ نے کبھی وہ منظر دیکھا ہے 
جب آپ چھلکتے آنسووں کے ساتھ مسکراتے ہیں
وہ منظر ، وہ لمحہ دنیا کا خوبصورت ترین منظر ، یادگارترین لمحہ ہوتا ہے
آنسو اور مسکراہٹ کا بہترین امتزاج ، بہتر ین جوڑا

ایسے لمحے بہت کم ، بہت ہی شاذ ہو تے ہیں مگر بہت قیمتی ہو تے ہیں 

کیا آپ ایسے کسی لمحے سے واقف ہیں۔۔۔؟

Friday, December 25, 2015

ماں کی یا د کے 36 آنسو

ماں کی یا د کے 36 آنسو 
محمد نور آسی

آج میں آپ سے اپنے آنسو شیئر کرنا چاہتا ہوں

یہ آنسو میری ماں کی یا د کے آنسو ہیں
میں نے یہ اشعار اپنی ماں کی یا د میں لکھے ہیں۔
اور بہتے آنسووں کے ساتھ لکھےہیں ۔
یہ اشعار ان تمام بھائیوں ، بہنوں ، دوستوں کے نام جن کی مائیں
اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔
یقینا میرے آنسوان سب کو رلا دیں گے۔ جن کے غم میرے جیسے ہیں۔
یہ 36 مصرعے نہیں ، 36 آنسوہیں



بہت چھوٹا سا تھا جب میں، میری دنیا بھی چھوٹی تھی
میری ہستی کا کل سا ما ں ، تیری آغوش ہو تی تھی
تیرے سینے سے لگ کرمیں ہر اک غم بھول جا تا تھا
تیرے چہرے کو تک کرمیرے دل کی پیاس بجھتی تھی
تیری دنیا فقط میں تھا ، میری دنیا فقط تو تھی
میں تجھ کو دیکھ جیتا تھا، تو مجھ کو دیکھ جیتی تھی

تیرے وہ پھول سے بازو، مجھے خوابوں میں لے جاتے
تیرے چہرے پہ بکھرے نور سے ہو تی سحر میری
میں بھوکا ہوں کہ پیاسا ہوں، میں خوش ہوں یا کہ افسردہ
فقط اک تیری ہستی تھی، جسے سب تھی خبر میری
تیرا چہرہ جو ہوجاتا، اگر اک پل کہیں اوجھل
تو ہرآہٹ پہ چونک اٹھتی تھی یہ بے چیں نظر میری

تیرا رس گھولتا لہجہ ، میری تسکین کا ساماں
تیرا دستِ مسیحائی ، میرے ہر درد کا درماں
میرے پہلے قدم کی لرزشوں سے سیدھا چلنےتک
تیری چاہت بھری نظریں ہراک حرکت پہ تھیں درباں
بلائیں دور رہتی تھیں، ہمیشہ سوقدم مجھ سے
دعائے نیم شب سے میرے رستے روشن و تاباں

میں گھر سے جب نکلتا تھا، دعائیں ساتھ چلتی تھیں
جھلستی دھوپ میں ، ٹھنڈی ہوائیں ساتھ چلتی تھیں
کبھی پر پیچ رستوں پر قدم نہ ڈگمگائے تھے
ہمشہ ذکر کرتی وہ ، نگاہیں ساتھ چلتی تھیں
میرے حصے کے زخموں سے بدن چھلنی رہا تیرا
مجھے حلقے میں ڈالے، تیری بانہیں ساتھ چلتی تھیں

مگراب کسیے بتلاوں کہ وہ ہستی نہیں باقی
نہ وہ دست دعا باقی ، نہ وہ پاکیزہ صورت ہے
یہ آنسواب مقدر ہیں کہ ان کو پونچھنے والے
مشفق ہا تھ ہیں تیرے ، نہ چادر کی حرارت ہے
زمانے بھر کے غم ہیں اور اکیلا تیرا بیٹا ہے
مجھے تیری دعاوں کی بہت اب تو ضرورت ہے

میرے مولا، میری اک التجا ہے تیری رحمت سے
تیرے گلشن میں ہر سوپیارہی کے پھول کھل جائیں
ہے دنیا جب تلک باقی ، سدا مائیں رہیں زندہ
لگے جو زخم دل پر ہیں تو شاید یوں وہ سل جائیں
مجھے تسلیم ہے کہ موت بر حق ہے، مگر مالک
سبھی بیٹوں کی عمریں ، کاش ان ماوں کو مل جائیں

Sunday, December 20, 2015

حصہ اول ۔ ایک سیاہ رات کی کہانی

حصہ اول ۔ ایک سیاہ رات کی کہانی

محمد نور آسی


وہ ایک سیاہ اندھیر ی رات تھی۔

وہ سب دوست گاوں کے چوپال پر بیٹھے ہوئے تھے۔

گپوں میں جنوں بھوتوں کا ذکر نکل آیا۔

اسد کہنے لگا۔

میرے دادا جی بتاتے تھے کہ گاوں سے باہر پانی والی بھن (تالاب نما جگہ جہاں بارش کا پانی اکٹھا ہو جائے) کے پاس جنوں کا ڈیرہ ہے ۔ وہ ایک رات کو بہت دیرسے وہاں سے گذرے تو وہاں ڈھول بجانے کی آوازیں آرہی تھی۔ شاید کسی جن کی شادی تھی۔ دادا بہت مشکل سے جان بچاکر آئےتھے۔

شہباز بولا

بکواس ۔ میں کئی مرتبہ وہاں گیا ۔ وہاں کچھ بھی نہیں ۔ یہ محض گھڑی ہوئی بات ہے-

اسد بولا۔

تم دن کے وقت جاتے ہو۔ دن کو سب ہی لوگ جاتے ہیں۔ جن تو وہاں رات کو ہوتے ہیں۔

اکرم بھی نے ہاں میں ہاں ملائی

شہباز ٹھیک کہتاہے۔ جن تو وہاں رات کو ہی ہو تے ہیں۔ دن کو وہ جگہ خالی کر دیتے ہیں ۔

اسد اپنی بات پر اڑا رہا۔
اتنے میں تنویر بولا۔

یارو کیوں بحث کرتے ہو۔ یہ جن ون سب سنی سنائی باتیں ہیں۔ کیا آپ میں سے کسی کا جن سے سامنا ہوا ہے۔؟


اس کا جواب تو نفی میں تھا- لیکن شہباز کب ہار ماننے والا تھا۔


اگر ایسی بات ہے۔ تو پھر آپ لوگ ابھی وہاں بھن پر جائیں اور وہاں چکر لگا کر آئیں- تو میں آپ کی بات مان لوں گا۔

اسد اور تنویر نے کہا-
لو جی۔ یہ کونسی بڑی بات ہے۔ لیکن اگر ہم وہاں سے چکر لگا آجائیں تو تمھیں
500 روپے دینا ہوں گے۔
شہباز نے کہا
ڈن۔۔۔۔
لیکن اس بات کا یقین کیسے کیا جائےگا کہ آپ لوگ بھن پر گئے ہیں یا نہیں۔۔
اکرام نے تجویز پیش کی
اس کا بھی حل ہے۔ ہم ایک لکڑی کا ڈنڈا ان کو دیتے ہیں - یہ وہاں بھن کے شمال میں بیس قدم کے فاصلے یہ ڈنڈا زمین میں گاڑ کر آئیں گے۔ ہم صبح سویرے سب جاکر چیک کریںگے۔ اگر ڈنڈا گڑا ہوا پایا گیا تو اسد اور تنویر شرط جیت جائیں گے۔

فیصلہ ہو گیا۔اسد اور تنویرکو لکڑی کا ایک ڈنڈا جس پر مخصوص نشانی لگی ہوئی تھی۔ دے دیا گیا۔ اوروہ اپنی مہم پر روانہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک گھنٹے میں واپس آجائیں گے۔

لیکن ایک کے بجائے دوگھنٹے گذر گئے اسد اور تنویر واپس نہ آئے

……………………………………….

لیکن ایک کے بجائے دوگھنٹے گذر گئے اسد اور تنویر واپس نہ آئے

شہباز پریشان ہو گیا۔
یار یہ لوگ تو واپس نہیں آئے۔ کہیں جنوں کے ہتھے نہ چڑھ گئے ہوں۔
اکرم کو بھی یقین تھا کہ بھن کے پاس جن ہیں۔
وہ بھی خوفزدہ آواز میں بولا۔
ہاں یا ر۔ پتہ نہیں ان کے ساتھ کیا ہو ا ہو گا۔۔
پھر سوچ کر بولا۔
ہم آدھا گھنٹہ اور انتظار کرتے ہیں پھرکچھ اور سوچتے ہیں۔

آدھا گھنٹہ بھی گذر گیا ۔ مگراسد اور تنویر واپس نہ آئے۔

اب تو اکرم اور شہباز ایک دوسرے پرالزام لگانے لگے۔
یہ تم کہاتھا، نہیں یہ تم نے کہاتھا۔

بہرحال بہت سی بحث کے بعد فیصلہ ہو ا کہ دونوں مل کر جاتے ہیں اور گاوں سے باہر تک اسد اور تنویر کو دیکتھے ہیں شاید وہ آرہے ہوں۔
وہ گاوں سے ذرا باہر تک گئے تو خوف نے ان کے قدم روک دیے۔

واپسی پر شہباز کا بڑا بھائی انہیں ڈھونڈتا ہوا مل گیا۔
تم لوگ کہاں گئے تھے -
اب شہباز نے ڈرتے ڈرتے ساری بات بتا دی۔
شہباز کے بھائی نے کہا۔
آپ لوگوں نے بہت برا کیا۔ پتہ نہیں وہ لوگ اب زندہ بھی ہوں گے یا نہیں- بہرحال میں ابو سے بات کرتاہوں۔


تھوڑی دیر بعدپندرہ بیس بندوں کا قافلہ ہاتھوں میں لالٹینیں، لاٹھیاں، کلہاڑیاں وغیرہ اٹھانے گاوں سے باہر بھن کی طرف روانہ ہوگیا۔
شہباز اور تنویر کے گھر کہرام مچا ہوا تھا۔ گاوں کی عورتیں اکٹھی تھیں اور مختلف تبصرے کررہی تھیں۔

گاوں کے مسجد کے امام کو بلا لیا گیا تھا۔

اور قرانی آیا ت کا ورد جاری تھا۔

ادھر قافلہ جوں جوں بھن کے قریب پہنچ رہا تھا۔ لوگوں کے اندر بے چینی ، تجسس، اور ایک نامعلوم خوف بڑھتا جا رہا تھا۔
جیسے وہ لوگ بھن کے پاس پہنچے ۔

انہیں دور ہی سے دو افراد ساتھ ساتھ زمین پر گرے ہوئے نظر آئے۔

وہ اسد اور تنویر ہی تھے۔ لیکن دونوں بے ہوش تھے۔

لوگوں کی نظریں خوف سے ان کا طواف کر رہی تھیں-


…………………………………………………………………..


وہ اسد اور تنویر ہی تھے۔ لیکن دونوں بے ہوش تھے۔

لوگوں کی نظریں خوف سے ان کا طواف کر رہی تھیں-
شاید وہ آس پاس کہیں جن کی موجودگی کے آثار تلاش کررہے تھے۔

کسی کی ہمت نہ ہورہی تھی کہ وہ لڑکوں کے پاس جائے۔

اچانک چچا سلطان کا بیٹا کاشف جو چند دن پہلے ہی شہر سے آیا تھا۔ وہ آگے بڑھا اور ایک لڑکے کو سیدھا کیا۔ وہ تنویر تھا ۔ اس نے اسکی نبض چیک کی۔ دل پر ہاتھ رکھا۔ اور زور سے کہا۔

یہ صرف بے ہوش ہے۔ اسے اٹھا لیں۔

گاوں والے اپنے ساتھ ایک چارپا ئی بھی لائے تھے ۔ فورا ہی تنویر کو اٹھا کر چارپا ئی پر ڈال دیا گیا۔ لیکن سب بہت خوفزدہ سے انداز میں کام کر رہے تھے۔ کچھ لوگ کلمہ کا ورد کررہے تھے۔

اب کاشف اسد کی طرف بڑھا۔

وہ تھوڑا آگے تھا۔ اس کو سیدھا کیا اور اٹھانے کی کوشش کی۔

لیکن کاشف کو ایسے لگا جیسے پیچھے سے کسی نے اسد کو پکڑا ہو ا ہو۔۔

خوف کی ایک سرد لہر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کاشف کے جسم سے سرسراتی ہوئی گذری۔۔

گرچہ لالٹینوں کی روشنی تھی مگروہ لوگ پیچھے ذرا فاصلے پر تھے۔ ویسے بھی روشنی صرف ایک رخ یعنی سامنے سے تھی۔

پیچھے کی طرف تو کچھ بھی نظرنہیں آتا تھا۔

کاشف پہلی مرتبہ خوف زدہ ہوا۔

لیکن ہمت کرکے اس نے اسد کو پھر اٹھانے کی کوشش کی ۔۔۔

اسے پھر ایسے لگا جیسے کسی نے اسد کو پیچھے سے پکڑ رکھا ہو۔۔

وہ اپنی خوف کی کیفیت کا اظہار نہیں کر نا چاہتا تھا۔

اسے پتہ تھا۔
یہ دیہاتی لوگ توہم پر ست ہیں۔۔
یہ اور بھی خوف زدہ ہو جائیں گے۔۔
اس کا ذہن بہت تیزی سے سوچ رہا تھا۔۔۔
اسکے ماتھے پر پسینے کے قطرے ابھر آئے۔۔۔


…………………………………………………….


اس کا ذہن بہت تیزی سے سوچ رہا تھا۔۔۔
اسکے ماتھے پر پسینے کے قطرے ابھر آئے۔۔۔

اس نے ایک بند ے کو لالٹین قریب لانے کو کہا۔۔

پھر لالٹین اسکے کے ہاتھ سے لے کر اسد کے پیچھے لے گیا۔۔۔

چند لمحے بعدہی وہ سب معمہ حل ہو گیا ۔۔

اوہ۔۔۔
تو یہ بات ہے۔۔

آدھے گھنٹہ بعد وہ سب اسد کے گھر میں بیٹھے ہو ئے ۔۔ تھے۔

اسد اور تنویر کو ہوش آگیا تھا۔ ۔۔

پہلے تو وہ بہت خوف زدہ تھے۔ بلکہ جب اسد کو ہوش آیا تو اس نے با قاعدہ دوڑنے کی کوشش کی۔۔

اور چیخنے لگا۔۔ جن نے مجھے پکڑ لیا ہے۔۔۔جن نے مجھے پکڑ لیا ہے۔۔۔

مولوی صاحب نے سورہ یٰسین پڑھ کر دم کی۔۔۔لوگوں نے حوصلہ دیا۔۔

اسکی ماں آب زم زم لے آئی۔۔

اور کچھ دیر بعد وہ پرسکون ہوا۔۔۔

رات تو تقریبا گذر ہی چکی تھی۔۔۔

اسد کے باپ نے اپنے گھر میں سب افراد کو

چائے پلائی ۔۔۔
موسم اتنا سردتو نہیں تھا۔ ۔
مگر رات نے خنکی بڑھا دی تھی

چائے کا دور ختم ہو نے کے باوجود

لوگ اسد کے پاس موجود تھے۔۔۔
سبھی کو تجسس تھا۔۔
اسد اور تنویر کے ساتھ ہوا کیا تھا۔۔۔

وہ کیسے بے ہوش ہوئے۔۔

کیا انہوں نے جن دیکھے۔۔

یہ اور اس ملتے جلتے سوالوں نے سب لوگوں کو وہاں روک رکھا ۔۔

یہ اس چھوٹے سے دیہات کی
بریکنگ نیوز تھی۔۔ بلکہ بریکنگ سٹوری تھی۔۔۔
جو شاید اگلے کئی ہفتے زیربحث آنی تھی۔۔
اس سٹوری کے اصل کردار ان کے سامنے تھے۔
وہ ان کے منہ سے ۔۔۔۔
سنسی خیزانکشافات سننے کے انتظار میں تھے۔

جاری ہے ۔۔۔ پارٹ ٹو.. 
………………………………………………….