Header Ads Widget

Responsive Advertisement

نئے سال کی پہلی دعا

نئے سال کی پہلی دعا


اے دونوں جہان کے خالق!
آنے والے دنوں میں ہمیں ایسی آنکھ عطا کر جو جھوٹ کے ہجوم میں بھی سچ دیکھ سکے،
ایسا دل دے جو شکست کے بعد بھی نرم رہے،
اور ایسا شعور کہ جو نفرت کے شور میں بھی انسان کو پہچان لے۔
یہ سال ہمیں یہ ہمت دے
کہ ہم خواب صرف دیکھیں نہیں، انہیں نبھائیں بھی
یہ سکھائے کہ امید کوئی دھوکہ نہیں
بلکہ پرور دگار کی طرف سے عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے
اے خدا!
ہمیں لفظوں کی امانت داری عطا کر
تاکہ ہم جھوٹ کو خوبصورت جملوں میں نہ چھپائیں،
اور سچ کو کڑوا سمجھ کر چھوڑ نہ دیں۔
نیا سال ہمیں یہ فہم دے
کہ خاموشی ہمیشہ کمزوری نہیں ہوتی،
اور چیخنا ہمیشہ سچ نہیں بناتا۔
ہمیں سکھا دے کہ اختلاف میں بھی وقار رہے
اور سوال میں بھی دعا شامل ہو۔
جو تھک گئے ہیں، ان کے لئے راستے نرم کر دے،
جو بچھڑ گئے ہیں، ان کےدل میں چراغ جلا دے،
اور جو خود سے ہار گئے ہیں
انہیں ایک بار پھر خود پر یقین عطا کر۔
اے رب العالمین
یہ سال ہمیں
انسان ہونے کا ہنر سکھا دے۔۔
کیونکہ باقی سب کچھ
ہم نے سیکھ لیا ہے۔
آمین۔ ثم آمین

Post a Comment

0 Comments